پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔عوامی سماجی شہری حلقوں کا مطالبہ کسووال(نامہ نگار)اشیاء خوردونوش، گیس، ڈیز...
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔عوامی سماجی شہری حلقوں کا مطالبہ
کسووال(نامہ نگار)اشیاء خوردونوش، گیس، ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف عوامی و سماجی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے سفید پوش طبقے کے لیے زندگی گزارنا ناممکن بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دراصل مہنگائی کے ایک نئے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوگا جس سے نہ صرف روزمرہ استعمال کی اشیاء مزید مہنگی ہوں گی بلکہ عام آدمی کی زندگی بھی شدید مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔عوامی ،سماجی شخصیات نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں، ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ، اشیاء خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتیں خود بخود بڑھ جاتی ہیں جس سے عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو غریب اور متوسط طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو کر انتہائی اقدامات پر مجبور ہو سکتا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے تاکہ مہنگائی کے اس طوفان پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ اس کے اثرات پورے معاشی نظام پر مرتب ہوتے ہیں اور ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرے اور مہنگائی میں کمی کے لیے عملی پالیسی اختیار کرے تاکہ عوام کو سکھ کا سانس مل سکے۔

کوئی تبصرے نہیں