اجلاس میں آر پی او رانا ایاز سلیم، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹریز اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن...
ساہیوال(عوامی فیصلہ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژن میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جائزہ اجلاس۔ اجلاس میں آر پی او رانا ایاز سلیم، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹریز اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، قیمتوں اور ناپ تول کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور سپلائی کے مسائل پر بھی غور کیا گیا جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے واضح کیا کہ عالمی صورتحال کے باوجود عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پٹرول کی قیمتوں میں ناجائز اضافی چارجز اور ناپ تول میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے دوران تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹرز نے موجودہ صورتحال میں حکومت کا مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ آر پی او رانامحمد ایاز سلیم نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بلاجواز اضافہ نہ کیا جائے اور کہا کہ عوام کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرول پمپس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔
کوئی تبصرے نہیں